آئی سی سی کا بڑا فیصلہ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں اہم تبدیلیاں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مستقبل کے عالمی ایونٹس کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 14 ٹیموں پر مشتمل آئندہ مینز ون ڈے ورلڈ کپ اب تین مراحل پر مشتمل ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز گروپ مرحلے سے ہوگا، جس کے بعد سپر 7 مرحلہ کھیلا جائے گا، جہاں بہترین سات ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔ سپر 7 مرحلے کے اختتام پر سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں بھی نمایاں تبدیلی کی گئی ہے۔ 20 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں گروپ مرحلے کے بعد اب صرف 8 کے بجائے 10 ٹیمیں سپر 10 مرحلے میں پہنچیں گی۔ ہر گروپ سے دو ٹیمیں براہِ راست سپر 10 میں جگہ بنائیں گی، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان ایلیمنیٹر میچز ہوں گے۔ ان مقابلوں کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گی۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ سے ٹورنامنٹ کے آخری مراحل تک مقابلوں میں سنسنی برقرار رہے گی۔
اس کے علاوہ آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل ایک نئے بین الاقوامی ٹی20 ٹورنامنٹ کی تجویز بھی پیش کی ہے، جو ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل منعقد کیا جائے گا۔ اس ایونٹ کا مقصد ایسوسی ایٹ ٹیموں کو عالمی سطح پر زیادہ معیاری مقابلے فراہم کرنا ہے۔
مزید برآں، آئی سی سی نے 2028 ٹی20 ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ نظام کی بھی منظوری دے دی ہے۔ نئے نظام کے تحت مختلف ریجنز کے ذریعے ٹیمیں گلوبل کوالیفائر تک رسائی حاصل کریں گی، جہاں بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیمیں 2028 ٹی20 ورلڈ کپ میں جگہ بنائیں گی۔ اسکاٹ لینڈ کو بھی کوالیفائنگ مرحلے میں خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ نئے 16 ٹیموں کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی حتمی منظوری نومبر میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں متوقع ہے۔















