پی ٹی آئی مذاکرات کو بھول جائے، فیصل کریم کنڈی کا دوٹوک اعلان

0
6

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پارٹی سے بات چیت کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی چار فرنچائزز بن چکی ہیں، ایک جماعت اپنے چیئرمین، جنرل سیکرٹری اور اسپیکر کو ہی تسلیم نہیں کرتی تو وہ دوسروں کو کیا تسلیم کرے گی۔ پی ٹی آئی کے رہنما آپس میں اختلافات کا شکار ہیں، انہیں پہلے یہ بتانا چاہیے کہ ان کی اصل فرنچائز کون سی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں سرکاری محکموں کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب انہیں مختلف محکموں کی بریفنگ دی جاتی ہے تو وہ سر پکڑ لیتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ شہروں میں صفائی کا کام پہلے کیوں نہیں کیا جا سکتا تھا؟

ان کا کہنا تھا کہ کیا سرکاری ملازمین پہلے اپنے گھروں میں کام کر رہے تھے یا گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کر رہے تھے؟ اب جو ملازم گھر بیٹھ کر تنخواہ لے گا، اسے نوکری سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔ جرم ثابت ہونے پر سزا اور جزا کا نظام نافذ کیا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا کوئی امکان نہیں، کیونکہ پارٹی کے اندر ہی اختلافات موجود ہیں اور قیادت ایک دوسرے کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق کہا کہ اس معاملے میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

Leave a reply