
لاہور ہائیکورٹ نے ہیلتھ اتھارٹیز کے اہل ڈیلی ویجز ملازمین کے حق میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے انہیں مستقل ورکرز کا قانونی درجہ دے دیا ہے۔ عدالت نے پنجاب حکومت کی جانب سے ملازمین کو مستقل ورکرز کا درجہ دینے سے انکار کے احکامات غیر قانونی قرار دے دیے۔
جسٹس خالد اسحاق نے محمد بلال رضا اور دیگر درخواست گزاروں سمیت 26 آئینی درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ مستقل نوعیت کے کام پر مسلسل 9 ماہ سے زائد خدمات انجام دینے والے اہل ملازمین مستقل ورکرز قرار پانے کے حق دار ہیں۔
فیصلے میں ڈیلی ویجز، ورک چارجڈ اور کنٹیجنٹ پیڈ ملازمین کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ مستقل ورکرز کا قانونی درجہ حاصل کرنے کے لیے الگ سے نوٹیفکیشن جاری کرنا ضروری نہیں۔
جسٹس خالد اسحاق نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایک جیسے حالات میں کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ مختلف سلوک آئین کے آرٹیکل 25 کے منافی ہو سکتا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملازمین کی قانونی حیثیت کا تعین ان کی ملازمت کی نوعیت اور مسلسل خدمات کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے، محض انتظامی نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کو ان کے قانونی حقوق سے محرومی کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔















