واٹس ایپ پر اب نمبر کی بجائے”یوزرنیم”سے چیٹ ہوگی

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک ایسی بڑی تبدیلی متعارف کرانے جا رہی ہے جو برسوں سے چلے آ رہے رابطے کے طریقہ کار کو بدل سکتی ہے۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ جلد صارفین فون نمبر شیئر کیے بغیر صرف یوزرنیم کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ اور چیٹ کر سکیں گے۔اس نئے فیچر کو واٹس ایپ کی تاریخ کی اہم ترین پرائیویسی اپ ڈیٹس میں شمار کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے بعد نئے افراد سے گفتگو یا کسی گروپ میں شامل ہونے کے لیے ذاتی فون نمبر ظاہر کرنا ضروری نہیں رہے گا۔
واٹس ایپ کے نئے نظام کے تحت ہر صارف ایک منفرد یوزرنیم منتخب کر سکے گا، جو اس کی شناخت کا بنیادی ذریعہ ہوگا۔ صارفین یہی یوزرنیم دوسروں کے ساتھ شیئر کرکے گفتگو شروع کر سکیں گے، جبکہ ان کا اصل موبائل نمبر نجی رہے گا۔
یہ تبدیلی خاص طور پر ان افراد کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے جو کاروباری، تعلیمی یا پیشہ ورانہ مقاصد کے لیے روزانہ نئے لوگوں سے رابطہ کرتے ہیں، لیکن اپنا ذاتی نمبر شیئر کرنے سے گریز کرتے ہیں۔اگرچہ یوزرنیم کا تصور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ملتا جلتا دکھائی دیتا ہے، تاہم واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ اس کا نظام ان پلیٹ فارمز سے مختلف ہوگا۔
واٹس ایپ کے مطابق یوزرنیم پر مبنی رابطے کا یہ نیا نظام رواں سال کے اختتام تک مرحلہ وار صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔















