ملک بھرمیں جشن عیدمیلادالنبیؐ عقیدت واحترام کیساتھ منایاجارہاہے

0
13

ملک بھرمیں جشن عیدمیلادالنبیؐ عقیدت واحترام کےساتھ منایاجارہاہے،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے یوم ولادت النبیؐ کے حوالے سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کے موقع پر دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا تقریب کے دوران پاک فوج کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے اکیس توپوں کی سلامی دی گئی جوانوں نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے پرجوش نعرے بھی لگائےسلامی کی تقریب کے وقت  سیکیورٹی  کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئےآج ملک بھر میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و آلٰہ وسلم عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
جشن میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں کراچی سمیت ملک بھر کی گلیوں، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اورسبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ فضائیں درود و سلام سے معطر ہیں۔
جشن میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے شہر کے مختلف علاقوں میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔  پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کو فول پروف  سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
عید میلاد النبیﷺ کے موقع پرکراچی کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسولﷺ کی جانب سے جلوسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
جماعت اہلسنت کراچی کا مرکزی جلوس آج 3 بجے سہ پہر علامہ سید شاہ عبدا لحق قادری و دیگر علما ومشائخ کی قیادت میں بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا۔ جوبراستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا اور جماعت اہلسنت کراچی کے زیراہتمام جلسہ عید میلاد النبی 5 بجے شام نشتر پارک میں منعقد ہوگا۔
جلسے سے جید علمائے کرام خطاب و قرار دادیں پیش کرینگے۔ نماز عصر اور مغرب نشتر پارک میں ادا کی جائے گی۔ میلا د النبی کے مرکزی جلوس اور جلسہ کے انتظامات کو جماعت اہلسنت کراچی کے ایک ہزاررضا کار اور اسکاؤٹس انجام دینگے۔

Leave a reply