ڈسکور پاکستان کے زیراہتمام نیشنل ٹورازم ایوارڈز شو

0
18

عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے ڈسکور پاکستان ٹی وی اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے اشتراک سے اسلام آباد میں نیشنل ٹورازم ایوارڈز کی شاندار تقریب، اہم شخصیات کی بھرپور شرکت۔ پاکستان میں سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 21 اداروں اور شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
نیشنل ٹورازم ایوارڈز کی شاندار تقریب اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر احسن اقبال تھے۔ ایوارڈز شو میں غیر ملکی سفیروں، وفاقی و صوبائی وزراء، والڈ سٹی اتھارٹی کے ڈی جی کامران لاشاری، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود، سی ای او شوکت خانم ہسپتال ڈاکٹر فیصل سلطان، رکن قومی اسمبلی غزالہ انجم، سابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، سی ای او ڈسکور پاکستان ڈاکٹر قیصر رفیق، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی آفتاب احمد رانا اور محکمہ سیاحت کے اعلیٰ افسران سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔


نیشنل ٹورازم ایوارڈز کی تقریب میں رنگارنگ ثقافتی شو پیش کیا گیا۔
تقریب میں ڈسکور پاکستان کی طرف سے پاکستان کے پہلے اے آئی ٹورازم ایمبیسڈر کی لانچنگ کی گئی۔
تقریب میں سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبہ میں 21 اداروں اور شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ایڈونچر ٹور ازم کی کیٹیگری کیلئے اشرف امان، ایگری ٹور ازم کی کیٹیگری کیلئے طارق تنویر، بیسٹ ٹور گائیڈ کا ایوارڈ تبسم ساحر، بیسٹ ٹریول فوٹو گرافر کا ایوارڈ محمد اسمار حسین، بیسٹ ٹریول وی لاگر کا ایوارڈ تحسین رضی، بیسٹ ٹریول رائٹر کا ایوارڈ محمد عبدو،بیسٹ ماؤنٹینرنگ گائیڈ اینڈ پورٹر کا ایوارڈ دلاور حسین عادل، ماؤنٹین ٹورازم کا ایوارڈ نائلہ کیانی،مذہبی سیاحت کا ایوارڈ محمود ملک،سپورٹس ٹورازم کا ایوارڈ سید سجاد شاہ نے حاصل کیا ہے، جبکہ بیسٹ ایئر لائن فار پروموشن آف ٹورازم کا ایوارڈ پی آئی اے، بیسٹ تھری سٹار ہوٹل کا ایوارڈ ہوٹل ہندوکش ہائٹس چترال، بیسٹ ٹور آپریٹر کا ایوارڈ ایونٹکا ٹریولز، بیسٹ ٹورازم اینڈ ہاسپٹیلیٹی کالج اینڈ یونیورسٹی کا ایوارڈ کوتھم،بیسٹ ٹریول ایجنٹ کا ایوارڈ بخاری ٹریولز، بزنس ٹورازم کا ایوارڈ پاکستان ٹریول مارٹ، کلچرل اینڈ ہیرٹیج ٹورازم کا ایوارڈ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی ، ایکو ٹورازم کا ایوارڈ ایس ٹی ایف پاکستان، ایجوکیشن ٹورازم کا ایوارڈ یونیورسٹی آف لاہور، بیسٹ ہوٹل اِن فور فائیو سٹار کیٹیگری کا ایوارڈ سرینا ہوٹلز اور میڈیکل ٹورازم کا ایوارڈ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال نے حاصل کیا ہے۔ جبکہ ڈسکور پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق نے معزز مہمانوں کو سوینئرز پیش کئے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عالمی یوم سیاحت کے موقع پر نیشنل ٹورازم ایوارڈز آف ایکسی لینس کا انعقاد قابل تحسین ہے، انہوں نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے ڈسکور پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈسکور پاکستان اس وقت پاکستان کا سب سے طاقتور برینڈ ایمبیسڈر بن چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے ایوارڈز حاصل کرنے والے اداروں اور شخصیات کو مبارکباد پیش کی جبکہ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور محکمہ سیاحت کے تمام شعبوں کے کام کو سراہا۔
ڈسکور پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق کا کہنا تھا کہ اس ایوارڈز شو کا انعقاد ان اداروں اور شخصیات کی کوششوں کا اعتراف ہے جنہوں نے پاکستان میں اس شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈسکور پاکستان اپنے وطن کا سافٹ امیج اجاگر کرنے اور سیاحت کی صنعت کے فروغ کیلئے اپنا مشن جاری رکھے گا۔ ڈاکٹر قیصر رفیق نے پی ٹی ڈی سی اور ان کی تمام ٹیم کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے نیشنل ایوارڈز شو کے انعقاد پر تمام سپورٹ پارٹنرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

Leave a reply