
راولپنڈی پولیس نے نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن اور پروگرام میزبان ربیعہ احسن کے قت*ل کا مقدمہ درج کرلیا ہے، جس میں ان کے شوہر احسن طاہر کو نامزد کیا گیا ہے۔
41 سالہ ربیعہ احسن کو اتوار کے روز راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ، گلشن آباد سیکٹر 2 میں واقع اپنے گھر کے بیڈ روم میں گولی مار کر قت*ل کیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ان کے شوہر نے فائرنگ کو حادثاتی قرار دیا تھا۔
ربیعہ احسن کے قت*ل کا مقدمہ ان کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں درج کیا گیا ہے، جس میں قت*ل کی دفعہ 302 اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی اسلام آباد سے اپنی بہن کے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی دوسری بہن علوینہ نے فون کرکے گھر میں فائرنگ کی اطلاع دی۔
مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ مقتولہ کی والدہ اور بہن بھی اسی گھر میں رہائش پذیر تھیں اور فائرنگ کے وقت گھر کے لان میں موجود تھیں۔ گولی کی آواز سن کر مقتولہ کی بہن کمرے میں پہنچی تو ربیعہ احسن خون میں لت پت فرش پر پڑی تھیں، جبکہ ان کے شوہر احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔
مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ احسن طاہر نے فائرنگ کرکے ان کی بہن کو قت*ل کیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش تحویل میں لیتے وقت ان کے گلے کے نیچے زخموں کے نشانات موجود تھے، جن سے خون رس رہا تھا۔ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے اور 30 بور کا پستول سمیت گولیاں بھی قبضے میں لے لیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم احسن طاہر نے دورانِ تفتیش اسی پستول سے اپنی بیوی پر فائر کرنے کا بتایا، تاہم وہ اسلحے کا لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہیں کرسکا۔
ذرائع کے مطابق مقتولہ کے شوہر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہیں، جبکہ ربیعہ احسن دو بیٹیوں کی والدہ تھیں۔















