ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ:پاک بھارت ٹاکرا،آئی سی سی مالی نقصان سےبچ گیا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کےانعقادکے فیصلےسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بڑےمالی نقصان سےبچ گیا۔
بھارتی میڈیاکےمطابق آئی سی سی نقصان کا تخمینہ براڈ کاسٹرز گیٹ منی اور دیگر سپانسر شپ کی مد میں لگایا گیاجس کےتحت اگرپاک بھارت میچ نہ ہواتوآئی سی سی کوتقریباً 174 ملین امریکی ڈالرز کا نقصان اُٹھاناپڑناتھا۔جس سے اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بچ گیاہے۔
بھارتی میڈیاکابتاناہےکہ پاک بھارت میچ کےانعقادکے فیصلے کے فوری بعد ممبئی اور کولمبو کے ایئر ٹکٹ میں اضافہ دیکھا گیا۔ ممبئی اور کولمبو کے ٹکٹ میں ابتدائی طور پر 10 سے 60 ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا ہے اور پاک بھارت میچ کی وجہ سے کولمبو میں ہوٹل انڈسٹری نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہےکہ بعض شائقین کرکٹ نےپاکستان کے میچ کے بائیکاٹ کے بعد ہوٹل کی بکنگ منسوخ کرنے کیلئے رابطے بھی کئے ہیں جبکہ کئی کرکٹ شائقین پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کی پالیسی کے حوالے سے معلومات حاصل کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026ء میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے، قومی ٹیم 15 فروری کو شیڈول کے مطابق میچ کھیلے گی۔















