سیاحوں کیلئےاہم خبر: اسلام آباد سے نتھیاگلی کیلئے ہیلی کاپٹر سروس متعارف

0
10

سیاحت کے فروغ کیلئے اہم اقدام، اسلام آباد سے نتھیاگلی کیلئے ہیلی کاپٹر سروس متعارف،سیاحوں کیلئے منفرد اور پُرتعیش سفری سہولت متعارف کروا دی گئی ۔
سروس کے تحت اب اسلام آباد سے خوبصورت پہاڑی مقام نتھیاگلی تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے سفر ممکن ہو گیا ہے۔اس سفری سہولت کا آغاز 3 ماہ قبل ہو چکا اور اب تک متعدد افراد ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد سے نتھیاگلی کا سفر کر چکے ہیں۔ لگژری ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز بیرن نامی ایوی ایشن کمپنی نے نتھیاگلی کے ہوٹل ڈبل ٹری بائے ہلٹن کے اشتراک سے کیا ہے۔
ہیلی کاپٹر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھرتا ہے اور نتھیاگلی میں ڈبل ٹری بائے ہلٹن ہوٹل کے خصوصی ہیلی پیڈ پر لینڈ کرتا ہے۔ ایک پرواز میں زیادہ سے زیادہ 5 مسافروں کی گنجائش رکھی گئی ہے، جو خاندانوں، چھوٹے گروپس اور انفرادی سیاحوں کیلئے موزوں ہے۔
اس سروس کا کرایہ 5 ہزار 300 امریکی ڈالر (راؤنڈ ٹرپ) یعنی تقریبا ساڑھے 14 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ سہولت خاص طور پر اُن افراد کیلئے متعارف کرائی گئی ہے جو آرام، سہولت اور منفرد تجربے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس اقدام سے مقامی اشرافیہ کے ساتھ غیر ملکی سیاحوں کی توجہ بھی حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ شمالی پاکستان میں ہائی اینڈ ایڈونچر ٹورازم کے فروغ میں بھی مدد ملے گی، کیونکہ یہ اسلام آباد سے نتھیاگلی کیلئے ہیلی کاپٹر سروس وفاقی دارالحکومت سے ایک تیز اور دلکش پہاڑی سیاحت کا نیا دروَا کرتی ہے۔
اس خصوصی سروس میں فضائی سفراور سیاحت جیسی دو اعلیٰ معیار کی سہولیات کو یکجا کیا گیا ہے، جو روایتی زمینی سفر کے مقابلے میں تیز، آرام دہ اور یادگار تجربہ فراہم کرتا ہے، تقریباً ایک گھنٹے پر مشتمل یہ راؤنڈ ٹرپ سیاحوں کو اسلام آباد اور ہمالیہ کے دامن میں واقع دلکش مناظر کو فضا سے دیکھنے کا موقع دیتا ہے۔

Leave a reply