میری خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہےکیونکہ میں نے ہوائی قلعے نہیں بنائے،مریم نواز

0
5

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے لیے ان کی خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ ان کے بقول انہوں نے صرف دعوے نہیں کیے بلکہ مستحق افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے کا خواب پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

لاہور میں سندھ کی انتظامی سروس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے انہیں عزت اور پہچان دی ہے، جس پر وہ ملک کی احسان مند ہیں، انتظامی سروس کے افسران کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر افسران کے ساتھ مل کر ایک ٹیم کی صورت میں کام کرتی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزارتِ اعلیٰ کا منصب صرف گاڑی میں بیٹھ کر آنے جانے کا نام نہیں بلکہ ان کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے۔ چیلنجز کے باوجود وہ ہر روز جذبے کے ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہیں اور روزمرہ امور میں ایک منٹ بھی عوامی خدمت سے دور نہیں رہتیں۔

مریم نواز نے کہا کہ روزانہ عوام کی بھلائی کے لیے فیصلے کیے جاتے ہیں۔ دفتر آنا، حاضری لگانا اور مشکل کام چھوڑ کر صرف آسان کاموں پر دستخط کردینا اصل ذمہ داری نہیں ہے۔

انہوں نے اپنی کابینہ کے بعض وزرا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ وزرا لوگوں کو اپنے دروازے پر بلا کر بھول جاتے ہیں۔ ان کے مطابق سرکاری منصب پر فائز شخص کو سب سے پہلے اپنی ذات کو ترجیح دینا چھوڑنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے حکومتی امور چلانے میں انہیں کبھی کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ انہوں نے آج تک کسی افسر کی تعیناتی کے لیے سفارش نہیں کروائی اور تمام معاملات میں میرٹ کو مدنظر رکھا ہے۔

Leave a reply