دنیا میں سب سے زیادہ سونا کس ملک کے پاس ہے؟ پاکستان کس نمبر پر؟

دنیا میں سب سے زیادہ سونا کس ملک کے پاس ہے؟ فہرست میں پاکستان کس نمبر پر ہے؟دلچسپ اور حیرت انگیز تفصیلات سامنے آ گئیں۔
سوناصدیوں سے بدستور عالمی سطح پر معاشی تحفظ کی بنیاد سمجھا جارہا ہے۔دنیا بھر کے مرکزی بینک اسے کرنسی میں اتار چڑھاؤ کیخلاف تحفظ اور زرِ مبادلہ کے ذخائر کے ایک اہم جزو کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
ٹریڈنگ اکنامکس کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق امریکا سونے کے ذخائر میں بدستور سرِفہرست ہے، جس کے پاس تقریباً 8 ہزار 133 ٹن سونا موجود ہے، جبکہ یورپ اور ایشیا کی بڑی معیشتیں اس فہرست میں اس کے بعد آتی ہیں، جرمنی کے پاس تقریباً 3 ہزار 362 ٹن، اٹلی کے پاس 3 ہزار 350 ٹن اور فرانس کے پاس 2 ہزار 452 ٹن سونا ہے۔
روس اور چین بھی کسی سے پیچھے نہیں، یہ بھی نمایاں ذخائر رکھتے ہیں، روس کے پاس 2 ہزار 327 ٹن اور چین کے پاس 2 ہزار 306 ٹن سونا موجود ہے،ان کے علاوہ دیگر بڑے سونا رکھنے والے ممالک میں سوئٹزر لینڈ 1 ہزار 40 ٹن، بھارت 880 ٹن اور جاپان 846 ٹن کے ساتھ شامل ہیں۔ابھرتی ہوئی معیشتیں جیسے ترکیہ اور نیدر لینڈز اس فہرست میں دسویں اور گیارہوں نمبر پر آتی ہیں، جن کے پاس بالترتیب تقریباً 614 اور 612 ٹن سونا موجود ہے۔
323 ٹن سونے کے ساتھ اس فہرست میں سعودی عرب کا 18 واں نمبر ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات 74.26 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ 44 ویں نمبر پر ہے۔آرمینیا کے پاس سرکاری طور پر صفر ٹن سونا درج ہے، کینیا کے پاس 0.02 ٹن، فجی کے پاس 0.03 ٹن اور یوراگوئے کے پاس 0.1 ٹن سونا موجود ہے، جو مالی تحفظ کے طور پر سونے پر انحصار کی محدود صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا مقام نسبتاً درمیانہ ہے، تاہم اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،کیونکہ تقریباً 64.77 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ پاکستان عالمی سطح پر 48 ویں نمبر پر آتا ہے اور اس کا شمار مڈل ٹیئر میں ہوتا ہے۔اگرچہ پاکستان کے یہ ذخائر بڑی معیشتوں کے مقابلے میں خاصے کم ہیں، تاہم کئی چھوٹے یا ابھرتے ہوئے ممالک سے زیادہ ہیں، جو معاشی استحکام کیلئے ایک معتدل سہارا فراہم کرتے ہیں۔















