بزرگ بوجھ نہیں، برکت ہوتے ہیں

بلاگ:عتیق مجید
یہ ننھے ہاتھ آج کسی نصابی کتاب کے اوراق نہیں پلٹ رہےبلکہ زندگی کے سب سے قیمتی سبق سیکھنے آئے ہیں۔ نجی سکول کے طلبہ نے ایک دن ہیون اولڈ ایج ہوم میں گزارا۔جہاں انہوں نے بزرگ مردوں اور خواتین کے ساتھ وقت گزارا، ان کی باتیں سنیں، ان کے دکھ درد کو محسوس کیا۔ کہیں کیرم کی بازی لگی، کہیں لڈو کی گونج سنائی دی اور کہیں قہقہوں کی آواز نے خاموش کمروں کو زندگی سے بھر دیا۔
کسی نے اپنی جوانی کے قصے سنائے،کسی نے بچھڑ جانے والوں کی یادیں تازہ کیں اور بچوں نے انہی کہانیوں میں زندگی کی حقیقتیں تلاش کیں۔
دن کے اختتام پر بچوں نے بزرگوں کو تحائف پیش کیے،مگر اصل تحفہ شاید وہ وقت تھا جو انہوں نے دل سے دیا۔ یہ چند گھنٹے شاید کیلنڈر کے حساب سے معمولی تھے،مگر ان لمحوں نے کئی تنہا دلوں کو سکون دے دیا۔یہ منظر ہمیں یاد دلاتا ہےکہ بزرگ بوجھ نہیں برکت ہوتے ہیں۔















