9مئی جی ایچ کیوحملہ کیس:عمرایوب سمیت47ملزمان کو10،10سال قیدکی سزا

0
9

9مئی جی ایچ کیوحملہ کیس میں عمرایوب ،مرادسعید،حماداظہراورزرتاج گل سمیت 47ملزمان کو10،10سال کی قیدکی سزاسنادی گئی۔
راولپنڈی کی انسداددہشت گردی کی عدالت کےجج امجد علی شاہ نے 9 مئی جی ایچ کیو کیس کا فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نےعمرایوب،ذلفی بخاری،مرادسعید،حماداظہر،شبلی فراز، راشدشفیق، زرتاج گل اورکنول شوذب کوسزاسنائی۔جبکہ محمداحمدچٹھہ،شہبازگل، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضیٰ بھی سزاپانےوالوں میں شامل ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان جازی کو بھی قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے اشتہاری ملزمان کو قید کے ساتھ 5،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی اور ان کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے فیصلے میں لکھاکہ سزا پانے والے ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پرحملوں میں ملوث پائے گئے، جے آئی ٹی رپورٹ نے ملزمان کو پر تشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں ملوث مرکزی ملزم قرار دیا۔
فیصلےمیں کہاگیاکہ ملزمان پر 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پرحملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے، مقدمےمیں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی، 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ مقدمے میں اب تک استغاثا کے کل 44 گواہان کے بیانات رکارڈ ہوچکے ہیں، 118ملزمان میں 18 ملزمان دوران ٹرائل عدالت سے مسلسل غیر حاضر پائے گئے، 29ملزمان مقدمے کے اندراج کے بعد کبھی عدالت میں پیش ہی نہیں ہوئے۔
عدالت نے کہا کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کےتحت47 اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا، پراسیکیوشن نے رواں سال 6 جنوری کو اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی کی درخواست دائرکی، عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست پر انکوائری تشکیل دی، رواں سال 8 جنوری کو 47 مفرور ملزمان کا اشتہار جاری کیا گیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اشتہاری ملزمان کو 7دن کےاندر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کاموقع دیا، عدالتی احکامات اور اشتہار جاری ہونےکے باوجود کوئی ملزم عدالت پیش نہیں ہوا۔

Leave a reply