جدید جنگی جہاز’’پی این ایس خیبر‘‘ کی شمولیت، پاک بحریہ کی صلاحیت میں بڑااضافہ

0
6

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بحری بیڑے میں دوسرے ملگم کلاس کارویٹ ’’پی این ایس خیبر‘‘ کی شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک مضبوط، متوازن اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحریہ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اہم سمندری تجارتی اور توانائی راہداریوں پر پاکستان کی جغرافیائی حیثیت اس امر کی متقاضی ہے کہ ملک کے مفادات کے تحفظ اور سمندری مواصلاتی راستوں کی سلامتی کے لیے ایک طاقتور بحری قوت موجود ہو۔
نیول چیف نے کہا کہ ’’معرکۂ حق‘‘ کے دوران پاک بحریہ بھارتی بحریہ کے طیارہ بردار جہاز کو نشانہ بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار تھی، جس کے باعث بھارتی بحریہ اپنے محفوظ ٹھکانوں تک محدود رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران بحری آپریشنز نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے سمندری مفادات کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کو جدید پلیٹ فارمز اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے، جس سے دشمن کے اہم انفراسٹرکچر اور بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ’’پی این ایس خیبر‘‘ اور آنے والی ہنگور کلاس آبدوزوں کی شمولیت پاک بحریہ کی جدید کاری میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے آپریشنل لچک، جنگی طاقت اور اسٹریٹجک رسائی میں اضافہ ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر نیول چیف نے ’’پی این ایس خیبر‘‘ کے عملے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع اور بحری محاذ کی نگہبانی کی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔

Leave a reply