لاہوراورکراچی کاموازنہ کرنےکےبجائےہمیں مل کرکام کرناچاہیے،مرتضیٰ وہاب

0
5

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران کراچی کی سڑکیں دو سے تین گھنٹوں میں صاف ہو جاتی ہیں، اور سیاسی کشمکش میں لاہور اور کراچی کا موازنہ کرنا مناسب نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں شہروں کا موازنہ کرنے کے بجائے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے کیونکہ کراچی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بہت زیادہ وسائل کی ضرورت ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وفد کے ہمراہ لاہور میں واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم واسا لاہور کے ساتھ معاہدہ کر رہے ہیں اور اس کی حکمتِ عملی سے فائدہ اٹھائیں گے۔ دنیا بھر میں شہر ایک دوسرے کے انتظامی تجربات سے سیکھتے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کو کراچی آنے کی دعوت دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور ایک خوبصورت اور زندہ دل لوگوں کا شہر ہے، لیکن زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے لاہور اور کراچی کا براہِ راست موازنہ مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آ کر ہمارے منصوبے دیکھے جائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے ویژن کے مطابق کام کر رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق کراچی میں پانی کو صنعتی استعمال کے قابل بنانے اور میٹھے پانی کو محفوظ کرکے شہریوں تک پہنچانے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ واسا لاہور نے ٹیرف بڑھایا ہے، کراچی نے نہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ وہ میئر کراچی کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ان کے مطابق بارش ہو یا کوئی اور مسئلہ، واسا کراچی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کراچی کے کروڑوں شہریوں کی فلاح کے جذبے کے ساتھ لاہور آئے ہیں۔
بلال یاسین نے مزید بتایا کہ جدید نظام کے تحت ایک ہی کنٹرول روم سے پورے پنجاب کی نگرانی کی جا رہی ہے، اور لاہور سمیت پورے صوبے کو سیف سٹی سسٹم کے ذریعے مانیٹر کیا جاتا ہے۔

Leave a reply