پی آئی اےکامکمل کنٹرول رواں ماہ کےآخرتک عارف حبیب گروپ کومنتقل ہونےکاامکان

0
5

قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عارف حبیب گروپ نے مزید 25 فیصد حصص خریدنے کے لیے حکومت سے رابطہ کر لیا ہے۔
وزارتِ نجکاری اور نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی آئی اے کے 100 فیصد حصص نجی شعبے کو منتقل کرنے کا منصوبہ زیر عمل ہے۔
نجکاری کمیشن کے مطابق عارف حبیب گروپ کی قیادت میں قائم کنسورشیم نے بقیہ 25 فیصد حصص خریدنے کا عندیہ دیا ہے، جس کے لیے تقریباً 45 ارب روپے کی ادائیگی متوقع ہے۔ اس خریداری کے بعد ایئرلائن کا مکمل کنٹرول نجی شعبے کے پاس چلا جائے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس نجکاری عمل کے تحت مجموعی طور پر 180 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جبکہ حکومتِ پاکستان کو کم از کم 55 ارب روپے حاصل ہوں گے۔
مزید برآں کنسورشیم پی آئی اے میں 125 ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری کرے گا، جسے ایئرلائن کے بیڑے کی توسیع، جدید سہولیات کی فراہمی اور آپریشنز کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا۔
نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول 25 مئی 2026 تک نجی شعبے کو منتقل ہونے کا امکان ہے، جبکہ اس سلسلے میں شیئر پرچیز معاہدے کے تحت قانونی تقاضے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق نئی انتظامیہ کے تحت مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے اور ایئرلائن کو مالی بحران سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

Leave a reply