محکمہ موسمیات نےسندھ میں مٹی کےطوفان کا الرٹ جاری کردیا

0
1

محکمہ موسمیات پاکستان اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بالائی سندھ میں گرد آلود آندھی اور مٹی کے طوفان کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 2 مئی کی شام سے ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جس کے اثرات 2 اور 3 مئی کے دوران بالائی سندھ میں شدت کے ساتھ ظاہر ہوں گے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے بتایا کہ اس دوران تیز ہواؤں اور گردوغبار کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، خصوصاً بجلی کے کھمبوں، بڑے بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، لہٰذا شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے نتیجے میں ملک کے میدانی علاقوں میں جاری شدید گرمی کی لہر میں کمی آنے کا امکان ہے، جس سے عوام کو کچھ حد تک ریلیف مل سکتا ہے۔
حکام نے کسانوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں اور کٹائی کے عمل کی حفاظت یقینی بنائیں۔
مزید برآں تمام ضلعی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

Leave a reply