پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی تیاری،نوجوانوں کو جدید ہنر سکھا کر معیشت مضبوط بنائینگے، بلال بن ثاقب

0
5

وزیر مملکت بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے معاشی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
لاہور میں بلاک چین اور ڈیجیٹل اثاثہ جات سے متعلق لیڈرشپ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے تحت ڈیجیٹل ایسٹس مارکیٹ کو معیشت کا اہم ستون بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وزیر مملکت نے زور دیا کہ نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلاک چین ٹیکنالوجی مالیاتی سمیت مختلف شعبوں میں انقلاب لا سکتی ہے اور ڈیجیٹل اثاثہ جات مستقبل کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور ڈیجیٹل ایسٹس سیکٹر کو گرے مارکیٹ سے نکال کر دستاویزی معیشت کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پیوارا کے تحت لائسنسنگ اور قانونی فریم ورک کی تیاری جاری ہے، جبکہ سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور بلاک چین ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل اثاثہ جات کے لیے ایک محفوظ اور قابل اعتماد مارکیٹ تشکیل دی جائے گی۔

Leave a reply