پنجاب میں مفت سفری سہولت، ایک ماہ میں تقریباً 4 کروڑ مسافروں نے فائدہ اٹھایا

0
5

پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے جاری مفت سفری سہولت نے ایک ماہ میں رائڈرشپ کی نئی تاریخ قائم کر دی۔
حکام کے مطابق 4 اپریل سے 4 مئی تک تقریباً 4 کروڑ مسافروں نے میٹرو بس سروسز، اورنج لائن میٹرو ٹرین، سپیڈو اور الیکٹرک بسوں کے ذریعے مفت سفر کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین لاہور سے ایک ماہ کے دوران ایک کروڑ سے زائد افراد نے سفر کیا، جبکہ لاہور میٹرو بس سروس سے تقریباً ساڑھے 64 لاکھ مسافروں نے استفادہ کیا۔ اسی طرح سپیڈو بسوں کے ذریعے 45 لاکھ سے زائد افراد نے مفت سفر کیا۔
لاہور میں گرین الیکٹرک بسوں سے 6 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے، جبکہ راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بسوں کے ذریعے تقریباً 9 لاکھ 25 ہزار اور پاکستان میٹرو بس سروس سے 37 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔
ملتان میٹرو بس سسٹم سے ساڑھے 30 لاکھ سے زائد جبکہ فیڈر روٹس کے ذریعے تقریباً پونے 7 لاکھ افراد نے سفر کیا۔
مزید برآں پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے تحت مختلف اضلاع میں چلنے والی الیکٹرک بسوں میں 90 لاکھ سے زائد مسافروں نے مفت سفر کیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے تقریباً 40 ملین مسافروں کو مفت سفری سہولت فراہم کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر معمولی رش کے باوجود مسافروں کو بغیر کسی رکاوٹ کے سہولت فراہم کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی ہدایت پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق مفت سفری سہولت سے مزدوروں، ملازمین، طلبہ، بزرگوں اور خواتین سمیت ہر طبقے کے افراد مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں مزید الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔

Leave a reply