حکومت کا ملک میں پہلی آئی ٹی مردم شماری کرانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے ملک میں پہلی مرتبہ آئی ٹی مردم شماری کرانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل افرادی قوت کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت آئی ٹی اور ادارہ شماریات کے اشتراک سے اس منصوبے پر عملدرآمد کیا جائے گا، جس کے تحت نوجوانوں کی ڈیجیٹل مہارتوں کا جامع ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔
اس مردم شماری میں آئی ٹی ورک فورس کا ملک گیر ڈیٹا تیار کیا جائے گا، جس میں فری لانسرز، ویڈیو ایڈیٹرز اور کال سینٹرز سے وابستہ افراد کو بھی شامل کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق کال سینٹر ملازمین کی مہارتوں کی درجہ بندی بھی کی جائے گی تاکہ مختلف شعبوں میں موجود صلاحیتوں کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ملک میں پہلی بار آئی ٹی سے متعلق مستند اور قابلِ اعتماد ڈیٹا دستیاب ہوگا، جو حکومتی پالیسی سازی اور منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مزید برآں اس ڈیٹا کی بنیاد پر آئی ٹی ماہرین کے لیے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔















