ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی تسلی بخش نہیں،مریم نوازکااعتراف

0
8

مریم نواز نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو دو سال مکمل ہونے کے باوجود اس کی کارکردگی قابلِ فخر نہیں رہی اور مزید بہتری کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے وابستہ توقعات پوری نہیں ہو سکیں، تاہم حکومت اس کی بہتری کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پروگرام میں کبھی مداخلت نہیں کی اور نہ ہی کسی سیاسی دباؤ کو برداشت کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام افسران کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج ورکرز کا حق ہے، تاہم کوڑا اچھالنے یا بدتمیزی جیسے اقدامات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ احتجاج کا حق ہے لیکن فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ ورکرز کو بروقت اجرت کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور ان کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تقریباً ایک لاکھ 75 ہزار ورکرز خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں جا کر روزانہ کی بنیاد پر کام کی نگرانی کریں، شکایات کو سنجیدگی سے سنیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام ورکرز مکمل یونیفارم میں ہوں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیہات اور شہروں میں یکساں ترقی حکومت کی ترجیح ہے اور پنجاب بھر میں واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افسران کو اپنے فیصلوں میں خودمختار ہونا چاہیے اور کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران کو انعامات اور اچھی تعیناتیاں دی جائیں گی، جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کیا جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام میں سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال سے نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا گیا ہے، جبکہ عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور نظام میں بہتری لانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔

Leave a reply