آئی ایم ایف کا پیٹرولیم سبسڈی ختم کرنے کیلئےحکومت پردباؤ

0
3

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی برقرار نہ رکھی جائے اور مالیاتی بوجھ کم کرنے کیلئے توانائی کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ کی جائے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان ابتدائی سطح پر ورچوئل مشاورت جاری ہے۔
آئی ایم ایف کا مؤقف ہے کہ توانائی اور ایندھن کی قیمتوں سے متعلق ریگولیٹری اداروں کی سفارشات پر فوری عملدرآمد کیا جائے، جبکہ بجلی کے نرخوں میں بھی ضروری ردوبدل کیا جائے۔
مزید برآں آئی ایم ایف نے آئندہ بجٹ میں ٹیکس چھوٹ اور رعایتوں کو کم سے کم رکھنے پر زور دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، سیلز ٹیکس استثنیٰ میں کمی اور سرکاری اخراجات محدود کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔
ادارے نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں کم از کم ایک فیصد اضافے کی تجویز بھی دی ہے تاکہ مالیاتی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ سے متعلق اہم اہداف طے کیے جا رہے ہیں، جبکہ معاشی بہتری کی صورت میں آئندہ مالی سال کے دوران شرح نمو تقریباً 5.5 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

Leave a reply