ایران کیساتھ مذاکرات؛ قطری وزیرِاعظم اہم سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے

شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی اہم سفارتی دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے جہاں وہ امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق قطری وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی، جنگ بندی کی کوششوں اور ممکنہ امن منصوبے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
حمد المفتاح نے سوشل میڈیا پر قطری وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں “امن کا سفیر” قرار دیا اور کہا کہ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کیلئے متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی قطری وزیراعظم سے ملاقات کی۔ جے ڈی وینس ایران کے ساتھ مذاکراتی عمل میں شامل امریکی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ قطر حالیہ ہفتوں میں امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں میں تعاون کر رہا ہے، جبکہ قطری حکام کے مطابق اس عمل میں پاکستان کا کردار بھی اہم ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مثبت بات چیت جاری ہے اور ممکنہ معاہدے کی امید پیدا ہو رہی ہے۔















