
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک گیر ’گو کیش لیس‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت مویشی منڈیوں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دیا جائے گا۔
مرکزی بینک کے مطابق 22 بینکوں کی جانب سے خصوصی کیمپس اور کیوسک قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو آسان اور محفوظ ڈیجیٹل لین دین کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
گو کیش لیس مہم کو 54 سے بڑھا کر 96 مویشی منڈیوں تک توسیع دے دی گئی ہے، جبکہ عید سیزن کے دوران ٹرانزیکشن اور اکاؤنٹ بیلنس حدود میں عارضی نرمی بھی دی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 14 مئی سے 5 جون تک ڈیجیٹل لین دین پر خصوصی سہولتیں دستیاب ہوں گی، جبکہ مویشی منڈیوں کے اطراف موبائل بینکنگ وینز، اے ٹی ایمز اور کیش ڈپازٹ مشینیں بھی نصب کی جائیں گی۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں نہ صرف سہولت اور تحفظ فراہم کرتی ہیں بلکہ نقد رقم کے ساتھ منسلک خطرات کو بھی کم کرتی ہیں، جس سے ملک میں زیادہ مؤثر، شفاف اور جدید مالی نظام کے فروغ میں مدد ملے گی۔















