عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت اور جذبۂ قربانی سے منائی جائے، میاں صداقت مجید

سینئر وائس چیئرمین امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پنجاب میاں صداقت مجید نے ذوالحجہ کا چاند نظر آنے پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ مسلمانوں کیلئے خوشی، ایثار اور قربانی کا پیغام لے کر آتی ہے، اس تہوار کو دینی روایات اور مذہبی جذبے کے مطابق منانا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عید قربان کے موقع پر صاحبِ حیثیت افراد کو چاہیے کہ قربانی کے گوشت میں نادار اور مستحق افراد کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ خوشیوں میں سب کو شریک کیا جا سکے۔
میاں صداقت مجید نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو مختلف شہروں سے چاند دیکھنے کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد عیدالاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذوالحجہ اسلامی سال کا نہایت اہم اور بابرکت مہینہ ہے، جس میں مسلمانوں کو عبادات کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے۔















