اسلام آبادایئرپورٹ پرمسافروں کیلئے تیز، محفوظ اور آرام دہ سفر کی نئی سہولت متعارف کرانےکی تیاری

0
6

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے جدید اور منفرد ’میٹ اینڈ اسسٹ‘ سروس متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جس کا مقصد سفر کو زیادہ آرام دہ، تیز اور آسان بنانا ہے۔

یہ پریمیم سہولت اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کے لیے دستیاب ہوگی اور اس کا معیار دنیا کے معروف ایئرپورٹس کی خصوصی خدمات کے برابر رکھنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

نئی سروس کے تحت مسافروں کو خصوصی وی آئی پی لین، بزنس کلاس لاؤنج تک رسائی، جبکہ چیک اِن اور امیگریشن کے مراحل میں فاسٹ ٹریک سہولت فراہم کی جائے گی۔

حکام کے مطابق یہ سروس دبئی ایئرپورٹ کی مشہور ’مرحبا‘ طرز کی سہولت سے متاثر ہو کر تیار کی گئی ہے تاکہ مسافروں کو عالمی معیار کا تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملکی ایئرپورٹس پر سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا اور پاکستان کو خطے میں ایوی ایشن اور لاجسٹکس کے اہم مرکز کے طور پر فروغ دینا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت اسلام آباد ایئرپورٹ تک محدود رہے گی، تاہم مستقبل میں اسے ملک کے دیگر بڑے ہوائی اڈوں تک توسیع دینے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

’خوش آمدید میٹ اینڈ اسسٹ اینڈ کنسیئرج سروسز‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل (ر) ارشد ملک کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ سروس جولائی 2026 کے پہلے ہفتے سے مسافروں کے لیے دستیاب ہونے کی توقع ہے۔

Leave a reply