وزارت مذہبی امور نے حج 2027 سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دیں

0
10

وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے لازمی رجسٹریشن رواں ماہ شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کی رجسٹریشن کے لیے کارآمد پاکستانی پاسپورٹ کا ہونا لازمی ہوگا، جس کی معیاد کم از کم 16 نومبر 2027 تک ہونی چاہیے۔

وزارت نے حج کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت اپنے پاسپورٹ بنوا لیں، کیونکہ رجسٹریشن کے بعد عازمین کو سرکاری یا نجی حج اسکیم میں شمولیت کا اختیار حاصل ہوگا۔

ترجمان کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی حج 2027 کی رجسٹریشن لازمی قرار دی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج پیکیجز، اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط کا اعلان آئندہ حج پالیسی کے تحت بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار 210 پاکستانیوں نے فریضۂ حج ادا کیا، جن پر مجموعی طور پر تقریباً 139 ارب 16 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق 77 ہزار 743 عازمین نے 40 سے 45 روزہ لانگ حج پروگرام کا انتخاب کیا، جو مجموعی حاجیوں کا 65.2 فیصد بنتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت فی حاجی تقریباً 11 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے گئے جبکہ مجموعی اخراجات تقریباً 89 ارب 40 کروڑ روپے رہے۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کرنے والوں میں 50 ہزار 114 خواتین شامل تھیں، جو مجموعی حاجیوں کا 43.5 فیصد بنتی ہیں، جبکہ مرد حاجیوں کی تعداد 65 ہزار 182 رہی، جو کل حاجیوں کا 56.5 فیصد ہے۔

Leave a reply