ماہرہ خان کی شاہ چارلس سوم سے ملاقات کی تفصیلات سامنے آگئیں

پاکستانی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ ذہنی صحت کے مسائل پر بات کرتے ہوئے لوگ آج بھی جھجک اور شرمندگی محسوس کرتے ہیں، اس لیے دماغی امراض سے متعلق آگاہی بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔
لندن میں برٹش ایشین ٹرسٹ کی ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ ذہنی امراض بھی دیگر بیماریوں کی طرح ہیں اور ان سے متعلق معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ہراسانی اور تشدد کے واقعات قابلِ مذمت ہیں، جبکہ ایسے مسائل کے خاتمے کے لیے ذہنیت میں تبدیلی اور ذمہ دار افراد کو مثال بنانا ضروری ہے۔
اداکارہ نے برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سوم سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ نہایت خوشگوار گفتگو ہوئی۔ ماہرہ خان کے مطابق شاہ چارلس سوم نے برٹش ایشین ٹرسٹ کے ساتھ ان کی سماجی خدمات کو سراہا اور اس حوالے سے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ شاہ چارلس سوم ان کی فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ تھے اور مختلف سماجی منصوبوں کے بارے میں دریافت بھی کرتے رہے۔















