پاک افغان سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگرد ہلاک، عطا اللہ تارڑ

0
7

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف محدود نوعیت کی کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 جون کو موسیٰ درہ میں فیڈرل کانسٹیبلری کی چوکی پر دہشت گرد حملہ کیا گیا، جبکہ اس سے قبل 2 جون کو شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی کو گاڑی میں نصب خودکش بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔ اسی طرح 9 مئی کو بنوں کے ایک پولیس اسٹیشن پر بھی خودکش حملہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان حملوں کے بعد حاصل ہونے والی انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے کیمپوں اور محفوظ پناہ گاہوں پر انتہائی درستگی اور احتیاط کے ساتھ حملے کیے گئے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق آپریشن میں چار اہم اہداف مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے، جن میں ایک تربیتی مرکز، ایک خفیہ ٹھکانہ اور اسلحے کا ذخیرہ بھی شامل تھا۔ کارروائی کے دوران دہشت گرد کمانڈر علیم خان خوشحالی اور کمانڈر اختر محمد جانی خیل سے منسلک مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف اپنی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بیرونی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Leave a reply