
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں جو اپنی محنت کی کمائی وطن بھیج کر قومی معیشت اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز سید قمر رضا اور منیجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی نے ملاقات کی، جس میں سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش مسائل، ان کے حل اور فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری فلاحی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی بہبود، سہولیات میں اضافے اور نئے اقدامات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی، جبکہ او پی ایف حکام نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے جاری منصوبوں پر عملدرآمد مزید تیز کیا جائے اور او پی ایف اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک جامع اور مؤثر لائحہ عمل جلد پیش کرے۔















