ترکیہ کے لیے امریکی سرپرائز،صدرٹرمپ نےاہم اعلان کردیا

0
6

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ امریکا ترکیہ پر عائد پابندیاں ختم کرنے اور جدید ایف-35 لڑاکا طیاروں کی فروخت دوبارہ شروع کرنے پر غور کر رہا ہے۔

یہ بیان نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ترکیہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور پابندیاں ہٹانے کے معاملے پر پیش رفت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایف-35 دنیا کے بہترین لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے اور ترکیہ کو اس پروگرام میں دوبارہ شامل کرنے کے حوالے سے جلد اہم فیصلہ کیا جائے گا۔

تاہم ترکیہ کی ایف-35 پروگرام میں واپسی کے لیے 2020 میں منظور کیے گئے امریکی قانون کی رکاوٹ دور کرنا ہوگی، جس کے تحت امریکی انتظامیہ کو یہ اطمینان دلانا ضروری ہے کہ ترکیہ روسی دفاعی نظام کا نہ تو استعمال کر رہا ہے اور نہ ہی اس کی ملکیت رکھتا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ترکیہ امریکا کا اہم اتحادی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاعی تعاون اور خطے کی سیکیورٹی سمیت مختلف امور پر بات چیت جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے پر بھی دونوں ممالک کے درمیان مشاورت ہوگی، کیونکہ ترکیہ خطے کی صورتحال سے بخوبی آگاہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ترکیہ کی جانب سے روسی دفاعی نظام خریدنے پر کوئی اعتراض نہیں، جبکہ ان کا یقین ہے کہ ترکیہ بھی نہیں چاہتا کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل کرے۔

امریکی صدر نے کہا کہ وہ ابتدا میں نیٹو اجلاس میں شرکت کے خواہاں نہیں تھے، تاہم چونکہ اس کا میزبان ترکیہ تھا، اس لیے انہوں نے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق ترکیہ ایک مضبوط ملک ہے، بڑی فوج رکھتا ہے اور خطے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

Leave a reply