83 سالہ خاتون نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرکےدنیا کو حیران کر دیا

0
9

سچی لگن اور عزم کے سامنے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی۔ مصر کی 83 سالہ خاتون آمال اسماعیل نے ضعیف العمری میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرکے ثابت کر دیا کہ خوابوں کی تکمیل کے لیے عمر رکاوٹ نہیں بنتی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آمال اسماعیل نے 83 سال کی عمر میں پی ایچ ڈی مکمل کرکے سب کو حیران کر دیا۔ عام طور پر اس عمر میں لوگ آرام اور ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہوتے ہیں، تاہم آمال نے تعلیم کا سفر جاری رکھا اور ایک نئی مثال قائم کر دی۔

انہوں نے 2023 میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، جس کے بعد منصورہ یونیورسٹی کے کالج آف آرٹس سے پی ایچ ڈی مکمل کی اور اس ادارے سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والی عمر رسیدہ طالبہ بن گئیں۔

فرسٹ کلاس آنرز کے ساتھ پی ایچ ڈی حاصل کرنے والی آمال اسماعیل نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی ان تمام افراد کے لیے پیغام ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ عمر خوابوں کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمر صرف ایک ہندسہ ہے، جب تک انسان سیکھنے، سوچنے اور آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسے اپنے خوابوں کے حصول کی کوشش جاری رکھنی چاہیے۔ ان کے مطابق عزم، محنت اور خود پر یقین انسان کو کامیابی تک پہنچا سکتے ہیں۔

Leave a reply