گوگل کا صارفین کو بڑا جھٹکا، برسوں سے جاری مفت سہولت ختم کرنے کا اعلان

0
16

گوگل نے اکاؤنٹ اسٹوریج پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب اینڈرائیڈ فونز کا بیک اپ ڈیٹا بھی گوگل اسٹوریج میں شمار ہوگا۔
اس سے قبل گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج میں صرف گوگل فوٹوز کی میڈیا فائلز، گوگل ڈرائیو کا ڈیٹا اور جی میل ای میلز شامل ہوتی تھیں، تاہم نئی پالیسی کے بعد اینڈرائیڈ فون کی سسٹم سیٹنگز، ایپ ڈیٹا، ایس ایم ایس پیغامات اور کال ہسٹری کا بیک اپ بھی اسٹوریج کا حصہ بن جائے گا۔
گوگل نے صارفین کو ای میلز کے ذریعے اس تبدیلی سے آگاہ کرتے ہوئے 45 دن کا نوٹس دیا ہے تاکہ وہ اپنی اسٹوریج منیج کر سکیں یا بیک اپ سیٹنگز تبدیل کر سکیں۔
کمپنی کے مطابق اوسطاً اینڈرائیڈ بیک اپ تقریباً 40 ایم بی جگہ استعمال کرے گا اور صارفین کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ طے کریں کون سا ڈیٹا محفوظ کرنا ہے۔ تاہم اسٹوریج حد مکمل ہونے کی صورت میں صارفین کو غیرضروری ڈیٹا حذف کرنا ہوگا یا اضافی اسٹوریج پلان خریدنا پڑ سکتا ہے۔
یہ گوگل کی جانب سے اکاؤنٹ اسٹوریج پالیسی میں ایک اہم تبدیلی ہے، جس کے بعد مفت اسٹوریج کے استعمال پر صارفین کو مزید توجہ دینا ہوگی۔

Leave a reply