
شہری پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر بڑھتے ٹیکسز کے بوجھ کی زد میں ہیں، جب کہ پیٹرول اصل قیمت سے 139 روپے 93 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 116 روپے 10 پیسے فی لیٹر مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔
دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک لیٹر پیٹرول کی بنیادی لاگت 197 روپے 69 پیسے بنتی ہے، تاہم اس وقت اس کی فی لیٹر قیمت 327 روپے 62 پیسے مقرر ہے۔ یوں شہری ایک لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 130 روپے 23 پیسے لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی مد میں ادا کرنے پر مجبور ہیں۔
پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 80 روپے پیٹرولیم لیوی، 5 روپے کلائمٹ سپورٹ لیوی، 21 روپے 24 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 7 روپے 48 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہے۔
اسی طرح فی لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی بنیادی لاگت 264 روپے 76 پیسے ہے، جب کہ اس کی قیمت 380 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہے۔ دستاویز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر مجموعی طور پر 116 روپے 10 پیسے لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی لیٹر پر 74 روپے 28 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 5 روپے کلائمٹ سپورٹ لیوی عائد ہے۔ اس کے علاوہ فی لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے 68 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 4 روپے 63 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہے۔















