پنجاب حکومت کا سرگودھا کے شہریوں کے لئے بڑا اعلان، مزید 7 الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان

0
6

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرگودھا میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت مزید بہتر بنانے کے لیے 7 اضافی الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
یہ اعلان انہوں نے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ارکان اسمبلی نے شہر میں الیکٹرک بس سروس شروع کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ریکارڈ مدت میں قیام اور تکمیل کو بھی سراہا۔
ارکان اسمبلی نے بتایا کہ الیکٹرک بس سروس سے بھلوال، بھیرہ، یونیورسٹی، ڈی ایچ کیو، شاہین آباد، کوٹ مومن اور تحصیل ساہیوال سمیت مختلف علاقوں میں روزانہ ہزاروں شہری استفادہ کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ خصوصاً خواتین اور بچے الیکٹرک بسوں میں آرام دہ اور باوقار سفری سہولت سے مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور پنجاب کے ہر علاقے میں بلاامتیاز ترقی یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔

Leave a reply