نئے صوبوں کا قیام : وفاقی وزرا کے بیانات پر پیپلز پارٹی کا بڑا فیصلہ

0
5

کراچی : صوبائی اسمبلی سے سندھ کی تقسیم کے خلاف قرارداد کی منظوری کے بعد وفاقی وزرا کے بیانات پر پی پی نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے پیپلزپارٹی رہنماؤں کی جانب سے جوابی بیہانم بازی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پی پی نے وفاقی وزرا کی بیان بازی کیخلاف سندھ بھر میں وحدت سندھ سیمینارز منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 12ستمبر کو سندھ کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں ’سندھ دھرتی ماں ہے‘ کے عنوان سے ریلیاں نکالی جائیں گی۔
پی پی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس پر بیانات وفاق کی جانب سے صوبے کی آئینی حیثیت میں مداخلت ہے۔
پیپلزپارٹی نے وزیراعظم شہبازشریف سے وفاقی وزرا کے ایسے بیانات کا نوٹس لینے اور بیان بازی بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سینئر پی پی رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ وفاقی حکومت آئین میں ترمیم کرنا چاہتی ہے تو پارلیمنٹ میں دوتہائی اکثریت موجود نہیں، وفاقی حکومت نہ تو جمہوریت کا تسلسل کمزور کرے اور نہ ہی ملکی سالمیت سے کھیلنے کی کوشش کرے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم، صوبائی خودمختاری، صوبوں کے حقوق پر کسی صورت ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے، نئے صوبے، انتظامی یونٹس آئین کے تحت صوبائی معاملہ ہیں، وفاقی حکومت مداخلت سے باز رہے۔
وفاقی وزرا بیانات سے باز نہ آئے تو ہم یہی سمجھیں گے کہ سازش کے پیچھے وفاقی حکومت ہے، وفاقی وزرا نئے صوبوں سے متعلق افواہیں اور غلط فہمیاں پھیلانا بند کریں۔
جمہوریت،18ویں ترمیم اور صوبائی خودمختاری کیخلاف سازش نظرآرہی ہے، وزرا کےانتشار والے بیانات کا عوامی سطح پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پی پی رہنما وقار مہدی نے کہا کہ سندھ کی وحدت کے خلاف سازش میں ایم کیو ایم آلہ کار ہے، کراچی سے کشمور تک ایک ہی آواز ہے، سندھ ایک رہے گا۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ آئین کے خلاف کوئی بھی اقدام اٹھایا گیا تو پیپلز پارٹی بھرپور مزاحمت کرے گی، سندھ کی وحدت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

Leave a reply