پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کیلئے کم از کم عمر مقرر کرنے کی تجویز زیر غور

0
7

وفاقی حکومت نے بچوں کے تحفظ، نامناسب مواد اور آن لائن جرائم کی روک تھام کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے حوالے سے قوانین مزید سخت کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ زیرِ غور تجاویز میں سوشل میڈیا استعمال کرنے کیلئے کم از کم عمر مقرر کرنا اور وی لاگنگ یا دیگر ڈیجیٹل سرگرمیوں کے نام پر نشر کیے جانے والے فحش و نامناسب مواد کو روکنا شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ حتمی سفارشات تیار کرنے سے پہلے وفاقی و صوبائی اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ حکام سے مشاورت کرے گی۔ تمام صوبوں کی پولیس نے بھی بچوں کے استحصال، فحش مواد اور سوشل میڈیا سے متعلق جرائم کے بارے میں رپورٹس وزارتِ داخلہ کو جمع کرائی ہیں۔ حکومت ان رپورٹس کا جائزہ لے کر آن لائن پلیٹ فارمز کیلئے ممکنہ قانونی اور انتظامی اقدامات طے کرے گی۔ اس سلسلے میں آسٹریلیا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے سوشل میڈیا قوانین کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پنجاب اسمبلی نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مؤثر پابندی کیلئے قرارداد منظور کی تھی، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کیلئے عمر کی تصدیق کا نظام وضع کرنے سے متعلق درخواست زیرِ سماعت ہے۔

Leave a reply