ملک میں پیٹرول کی کوئی کمی نہیں اکتوبر اور نومبر کا انتظام مکمل ہے،وزیر خزانہ کا دعویٰ

0
5

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں پٹرولیم صورتحال بہتر نظر آرہی ہے اور نومبر کی پٹرولیم ضروریات کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے لندن میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا خطے میں تنازع کے باوجود خلیجی ممالک سے ترسیلات زر میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ستمبر تک پاکستان پٹرولیم ضروریات کے حوالے سے مکمل طور پر کورڈ ہے، جبکہ اکتوبر میں بھی صورتحال بہتر دکھائی دے رہی ہے۔ نومبر کی پٹرولیم ضروریات کی منصوبہ بندی وزارت پٹرولیم اور این سی سی ایم سی کر رہے ہیں۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن پٹرولیم ضروریات سے متعلق صورتحال کو مینج کیا گیا ہے، عالمی عوامل، بالخصوص پٹرولیم قیمتیں، مہنگائی پر اثرانداز ہو رہی ہیں، جبکہ منافع خوری کی روک تھام کے لیے ضلعی اور صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جائیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال برطانیہ سے پاکستان کو 6.9 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جبکہ مجموعی ترسیلات زر 41.6 ارب ڈالر رہیں رواں مالی سال مجموعی ترسیلات زر تقریباً 44 ارب ڈالر رہنے کا تخمینہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اپریل سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ماہانہ 300 ملین ڈالر سے زائد کی آمد ہوئی، جبکہ پاکستان کا فوکس اب امداد کے بجائے تجارت اور سرمایہ کاری پر ہے۔ برطانیہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری مزید بڑھانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ سروسز 4.6 ارب ڈالر رہیں، جن میں سے 1.6 ارب ڈالر فری لانسرز سے حاصل ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو صرف سرکاری نوکریاں دینا نہیں بلکہ انہیں ایسا ایکو سسٹم فراہم کرنا ہے جس میں کنیکٹیویٹی، اپ اسکلنگ، ری اسکلنگ اور تعلیم کے مواقع دستیاب ہوں۔ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی سے بھی نوجوانوں کو بہتر کنیکٹیویٹی کے مواقع ملیں گے۔

Leave a reply