ملک بھر میں ایل پی جی بحران بے قابو ،ایسوسی ایشن کاہڑتال کااعلان

0
9

ملک بھر میں ایل پی جی بحران شدت اختیار کرگیا، سرکاری قیمت سے تقریباً دوگنا نرخوں پر فروخت، ایسوسی ایشن نےہڑتال کا اعلان کردیا۔
ملک بھر میں ایل پی جی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، سرکاری نرخوں اور اوپن مارکیٹ کی قیمتوں میں نمایاں فرق پیدا ہونے کے باعث صارفین کو مہنگی گیس خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، جبکہ ایل پی جی ایسوسی ایشنز نے حکومتی پالیسی کے خلاف 16 نومبر سے ملک گیر ہڑتال اور گیس کی فروخت بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر کے لیے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 294 روپے 8 پیسے فی کلو مقرر کر رکھی ہے، تاہم عملی طور پر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ایل پی جی 570 سے 610 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔سرکاری قیمت اور مارکیٹ کے نرخوں میں بڑے فرق کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب دکانداروں نے سرکاری نرخوں پر گیس فروخت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ جب انہیں ایل پی جی مہنگے داموں مل رہی ہے تو وہ اسے سرکاری قیمت پر فروخت کرکے نقصان کیسے برداشت کریں۔ادھر ایل پی جی ایسوسی ایشنز نے حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے پرائسنگ فارمولے کو مسترد کردیا ہے۔ ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ نئے فارمولے کے نفاذ سے ایل پی جی کی قیمتوں میں 25 سے 30 فیصد تک اضافے کا خدشہ ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی کا شکار صارفین کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔ایسوسی ایشنز نے اپنے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 16 نومبر سے ملک گیر ہڑتال کرنے اور ایل پی جی کی فروخت بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

Leave a reply