دل کر رہا ہے خود کشی کر لوں، جو کچھ ہوا میرا قصور نہیں، اگلی ویڈیو نہ آئی توسمجھ لینا میں زندہ نہیں،مسٹر پتلو

0
7

پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 17 افراد شدید زخمی ہیں۔ واقعہ کے بعد پولیس نے ٹک ٹاکر سمیت 40 سے زائد نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ موترہ میں مقدمہ درج کر کے 6 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
نامعلوم مقام سے ریکارڈ کیے گئے اپنے ایک ویڈیو بیان میں مسٹر پتلو نے کہا کہ جو کچھ ہوا اس میں میرا کوئی قصور نہیں ہے، میں نے ہمیشہ غریبوں کی مدد کی،جو لوگ دنیا سے چلے گئے ہیں میں ان کے ورثا کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
مسٹر پتلو نے دعویٰ کیا کہ میں نے اس ایونٹ کا باقاعدہ این او سی لیا تھا جس کے بعد انعقاد کیا، ایونٹ سے ایک دن پہلے میں اسی گراونڈ میں موجود تھا جہاں میں نے کرکٹ کھیلی وہیں میری کمر کی ایک ’ڈسک‘ ہل گئی جس کے باعث مجھے اسپتال جانا پڑا۔میں وہیں گرگیا تو 4 لوگوں نے اٹھایا اور گھر لئے گئے جہاں میں ساری رات تکلیف میں رہا۔
دوسری جانب مقامی انتظامیہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کو مہندی کی تقریب اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کے لیے اجازت نامہ جاری کیا گیا تھا لیکن بعدازاں شرائط کی خلاف ورزی پر اسے منسوخ کر دیا گیا۔
مسٹر پتلو نے مزید بتایا کہ صبح اٹھ کر میں جب اسپتال جانے لگا تو مجھے بتایا گیا کہ بھگدڑ کا واقعہ پیش آ گیا ہے ، اگر رش میں ایسا کوئی حادثہ ہو جاتا ہے تو اس میں میرا کیا قصور ہے ؟ میں 2 دن سے غائب ہوں اور مجھے خود سمجھ نہیں آرہی کہ میں کیا کروں ۔
ٹک ٹاکر نے کہا کہ میرے خلاف ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ میں اس دن اسٹیڈیم میں موجود ہوں حالانکہ میں اس وقت اسپتال میں تھا اور ایم آئی ار کروا رہا تھا، سب کچھ ریکارڈ پر موجود ہے ۔میرے والد اسٹیج پر ہیں، مجھے نہیں پتا کہ وہ اب کہاں ہیں۔ مسٹر پتلو نے روتے ہوئے کہا کہ ”میرا خود جینے کو دل نہیں کررہا، سوچا کچھ تھا اور ہوا کچھ اور۔۔۔سب میرے پاس آتے تھے مگر اب سب مجھے چھوڑ کر چلے گئے ہیں ۔میں آپ کو نہیں بتا سکتا میں اس وقت کس حالت میں ہوں۔ میری اگلی ویڈیو نہ آئے تو سمجھ لینا میں زندہ نہیں ہوں۔“
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی مداخلت کی اپیل کی۔

Leave a reply