
یومِ اقبال پر مزارِ اقبال میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک بحریہ نے اعزازی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور کے علاوہ برطانیہ اور جرمنی سے بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ ان کی شاعری میں قومی درد، خودی، یقینِ محکم اور ملتِ اسلامیہ کے اتحاد کا پیغام نمایاں ہے، جس نے نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا بھر میں لوگوں کو متاثر کیا۔ بانگِ درا، بالِ جبریل اور ضربِ کلیم جیسے شعری مجموعے آج بھی نوجوانوں میں امید، خود اعتمادی اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کر رہے ہیں۔ قوم اپنے اس عظیم شاعر اور محسن کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے مزار پر حاضری دینے والوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
مزارپرگارڈکی تبدیلی کی تقریب:
یومِ اقبال کے موقع پر لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ گارڈز میں شامل پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ بھی کیا۔ تقریب کے دوران پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ اقبال پر اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔















