بنگلورو:موسلا دھار بارش اورژالہ باری نےتباہی مچادی، 10افراد ہلاک،متعددزخمی

بنگلورو میں صرف 40 منٹ کی شدید بارش نے شہر کا نظام درہم برہم کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث متعدد سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، جبکہ مختلف حادثات میں کم از کم 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ کئی علاقوں میں سڑکوں پر گھٹنوں تک پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔
بارش کے ساتھ تیز ہواؤں نے بھی صورتحال کو مزید خراب کر دیا، جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید طوفانی بارش اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔















