ڈنمارک کےفٹبالر کرسچین ایرکسن کی میچ کے دوران طبیعت ناساز، اچانک زمین پر گر پڑے

ڈنمارک کے معروف فٹبالر کرسچین ایرکسن یوکرین کے خلاف کھیلے جانے والے دوستانہ میچ کے دوران اچانک میدان میں گر پڑے، جس کے بعد شائقین اور کھلاڑیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
رپورٹس کے مطابق 34 سالہ کرسچین ایرکسن نے گرنے سے چند لمحے قبل اپنے سینے پر ہاتھ رکھا، جس کے بعد وہ اچانک زمین پر آ گئے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے میڈیکل ٹیم فوری طور پر میدان میں پہنچی جبکہ ساتھی کھلاڑیوں نے ان کے گرد حفاظتی حصار بنا لیا۔
واقعے کے بعد میچ کو فوری طور پر روک کر منسوخ کر دیا گیا۔ خوش آئند بات یہ رہی کہ کرسچین ایرکسن ہوش میں تھے اور انہیں ایمبولینس کے ذریعے اوڈینسے یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی اہلیہ سبرینا بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔
ڈینش فٹبال ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ کرسچین ایرکسن کی حالت بہتر ہے، وہ ہوش میں ہیں اور طبی ماہرین کی نگرانی میں ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کے جسم میں نصب انٹرنل کارڈیوورٹر ڈیفبریلیٹر (آئی سی ڈی) نے ایک بار پھر ہنگامی صورتحال میں اہم کردار ادا کیا، تاہم اس حوالے سے حتمی طبی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واقعے کے دوران اسٹیڈیم میں موجود شائقین شدید پریشانی کا شکار ہو گئے اور انہوں نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی صحت یابی کے لیے نعرے لگائے۔
یاد رہے کہ 2021 میں یورپی فٹبال چیمپئن شپ کے دوران بھی کرسچین ایرکسن دل کی تکلیف کے باعث میدان میں گر گئے تھے۔ اس وقت طبی عملے نے فوری امداد فراہم کرکے ان کی جان بچائی تھی، جس کے بعد ان کے دل میں آئی سی ڈی ڈیوائس نصب کی گئی تھی۔















