نقل اتارنے کی وائرل ویڈیو پر بشریٰ انصاری کا ردعمل سامنے آ گیا

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی نقل اتارنے کی وائرل ویڈیو پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ان کی نقل اتاری گئی، جس پر ایک نجی ٹی وی پروگرام میں ان سے اس حوالے سے سوال کیا گیا۔جواب میں بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماضی میں مختلف فنکاروں کی نقل ضرور اتاری، مگر ہمیشہ باوقار انداز اختیار کیا اور کسی کی ذاتیات یا شخصیت کو نشانہ نہیں بنایا۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے طاہرہ سید، نور جہاں، مسرت نذیر اور سلمیٰ آغا کے گانے کے انداز کی نقل کی، تاہم ان میں کسی قسم کی غیر مناسب بات شامل نہیں تھی۔
اداکارہ کے مطابق فنکار کو نقل کرتے وقت اس کی عزت اور وقار کا خیال رکھنا ضروری ہے، جبکہ حالیہ ویڈیو میں پیش کیا گیا انداز انہیں مناسب نہیں لگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں وینا ملک نے بھی ان کی نقل اتاری تھی جسے انہوں نے سراہا تھا، کیونکہ وہ بہتر اور مہذب انداز میں پیش کی گئی تھی۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ ہر فنکار کو یہ سمجھنا چاہیے کہ مزاح اور تنقید کے درمیان ایک باریک لکیر ہوتی ہے، جس کا خیال رکھنا ضروری ہے۔















