ریڈٹ اور کیورا کو ٹکر دینے کیلئے میٹا نے نئی ایپ ’’فورم‘‘ متعارف کرادی

0
1

میٹا نے خاموشی سے فیس بک سے منسلک ایک نئی ایپ ’’فورم‘‘ متعارف کرا دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ ایپ فی الحال چند مخصوص ممالک میں آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ ایپ کو اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ صارفین سوالات پوچھ سکیں، مختلف موضوعات پر گفتگو کر سکیں اور اپنی دلچسپی کے مطابق کمیونٹیز میں شامل ہو سکیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ ’’فورم‘‘ کا تصور ریڈٹ اور کیورا جیسی سوشل ایپس سے ملتا جلتا ہے، جہاں صارفین سوالات کے جوابات اور معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں۔

ایپ میں صارفین کو فیس بک گروپس سے متعلق مواد بھی دکھایا جائے گا، جو ان کی دلچسپیوں اور سرگرمیوں کے مطابق ہوگا۔

کمپنی کے مطابق یہ ایپ خاص طور پر فیس بک گروپس چلانے والے افراد کے لیے تیار کی گئی ہے، جبکہ اس میں ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی ایڈمن اسسٹنٹ بھی شامل کیا جا رہا ہے جو گروپس کے انتظام اور مواد کی نگرانی میں مدد فراہم کرے گا۔

’’فورم‘‘ استعمال کرنے کے لیے فیس بک اکاؤنٹ ضروری ہوگا، جبکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ایپ کا مقصد حقیقی افراد سے براہِ راست معلومات اور جوابات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

میٹا کے ترجمان کے مطابق یہ ایپ ابھی ابتدائی آزمائشی مرحلے میں ہے اور کمپنی مختلف نئی پراڈکٹس کی ٹیسٹنگ کے ذریعے صارفین کی دلچسپی اور ضروریات کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہے۔

Leave a reply