جبوتی سے یمن جانیوالی تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی، سینکڑوں ہلاکتیں

افریقی ملک جبوتی سے یمن جانے والی تارکینِ وطن کی ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں 109 افراد زندگی کی بازی ہارگئے، جن میں 15 بچے بھی شامل ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ 8 اور 9 اکتوبر کی درمیانی شب پیش آیا۔ کشتی میں تقریباً 350 افراد سوار تھے، جن میں سے 80 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا، جبکہ 116 سے زیادہ افراد تاحال لاپتا ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بچائے جانے والے افراد کا تعلق ایتھوپیا سے ہے۔عالمی ادارہ برائے مہاجرت (IOM) کے مطابق قرنِ افریقہ، جس میں ایتھوپیا، صومالیہ، اریٹیریا اور جبوتی شامل ہیں، سے ہر سال ہزاروں افراد بہتر روزگار اور محفوظ مستقبل کی تلاش میں خلیجی ممالک پہنچنے کے لیے خطرناک سمندری سفر کرتے ہیں۔
ادارے کے مطابق اب تک ملنے والی لاشوں میں 52 مرد، 42 خواتین، 9 لڑکیاں اور 6 لڑکے شامل ہیں۔















