عازمین کیلئے نسک کارڈلازمی قرار،گم ہونےکی صورت میں مناسک حج ادا کرنا ممکن نہیں،سعودی وزارت حج

0
3

سعودی حکومت نے رواں سال حج کے لیے نسک کارڈ کو لازمی قرار دے دیا ہے اور عازمین کو اس کی اہمیت سے آگاہ کیا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق نسک کارڈ ایک بنیادی دستاویز ہے جو عازمین کی قانونی حیثیت کو یقینی بناتا ہے اور حج انتظامات میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نسک کارڈ کے بغیر نہ صرف مناسک حج ادا کرنا ممکن نہیں بلکہ زائرین کو رہائشی عمارتوں سے باہر نکلنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ کارڈ نہ رکھنے یا نہ پہننے کی صورت میں بھاری جرمانہ یا ملک بدری کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ اگر ہجوم کے دوران نسک کارڈ گم یا خراب ہو جائے تو پریشان ہونے کے بجائے اس کا ڈیجیٹل متبادل استعمال کریں۔
اس حوالے سے عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ نسک یا توکلنا ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل کارڈ فعال رکھیں اور فوری طور پر اپنے گروپ لیڈر کو مطلع کریں تاکہ نئے کارڈ کے اجرا کے لیے درخواست دی جا سکے۔
مزید برآں زائرین ہیلپ لائن 1966 پر رابطہ کر سکتے ہیں یا قریبی نسک کیئر سینٹر سے بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔
حکام نے تاکید کی ہے کہ عازمین پیشگی طور پر ڈیجیٹل ورژن کو فعال رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مشکلات سے بچا جا سکے۔

Leave a reply