
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بالائی علاقوں میں 3 سے 5 ستمبر کے دوران بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، خضدار اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ 4 اور 5 ستمبر کو بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں۔
بارشوں کے باعث 9 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 4 گھر مکمل منہدم ہوگئے، اس کے علاوہ 41 مویشی بھی بارش اور سیلابی ریلوں کی زد میں آئے۔ حادثات بونیر، مردان، مہمند اور شانگلہ میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور بارشوں کے دوران ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔















