ایران امریکا معاہدے کیلئےپاکستان متحرک اسحاق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ

0
13

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس کے دوران خطے کی تازہ صورتحال اور امریکا ایران مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے آخری مرحلے میں داخل ہونے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پیش رفت کو خطے میں امن اور استحکام کے لیے مثبت قرار دیا۔

گفتگو کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے پر دستخط کی تقریب کے انعقاد پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ یہ پیش رفت کشیدگی میں کمی اور سفارتی تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے ثالثی، مکالمے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

Leave a reply