پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر نوشین زیدی نے جرمن کاباوقارایوارڈحاصل کر کے تاریخ رقم کر دی

0
3

اسلام آباد کی پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر نوشین زیدی نے جرمنی کا باوقار “جارج فوسٹر ریسرچ ایوارڈ” حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی ہے، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی شخصیت بن گئی ہیں۔
جرمن سفارت خانے کے مطابق یہ ایوارڈ ہر سال الیگزینڈر وان ہمبولٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے ترقی پذیر اور منتقلی کے مرحلے سے گزرنے والے ممالک کے ممتاز محققین کو ان کی شاندار سائنسی خدمات اور تحقیق کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔
اس ایوارڈ کی مالی معاونت جرمن وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی کرتی ہے۔یہ ایوارڈ 18ویں صدی کے جرمن ماہرِ بشریات جارج فوسٹر کے نام سے منسوب ہے اور اس کے ساتھ 60 ہزار یورو کی تحقیقی گرانٹ بھی فراہم کی جاتی ہے، جو پائیدار ترقی کے لیے کام کرنے والے سائنسدانوں کو دی جاتی ہے۔
جرمن سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر نوشین زیدی کا کام جدید سائنسی تحقیق اور عوامی سطح پر اثرات کا بہترین امتزاج ہے، خاص طور پر وہ پانی کے معیار اور صحت عامہ کے منصوبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
ڈاکٹر نوشین زیدی یونیورسٹی آف پنجاب کے پبلک ہیلتھ، انوائرمنٹ اینڈ اپلائیڈ ریسرچ لیب میں پروفیسر ہیں۔
انہوں نے جرمنی کی یونیورسٹی آف ٹیوبنگن سے بایو کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی ہے اور وہ البرٹ آئن اسٹائن کالج آف میڈیسن اور جانسن فارماسیوٹیکا جیسے اداروں میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
وہ اس وقت ایک قومی سطح کے پراجیکٹ کی قیادت کر رہی ہیں جس کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں پانی کے معیار کی جانچ اور نقشہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ وہ “روشن کلینکس” کے ذریعے بچوں میں غذائی کمی کے مسائل کے حل کے لیے بھی کام کر رہی ہیں۔

Leave a reply